گلبرگہ یکم جولائی(اعتماد نیوز):کرناٹک میں بائیک ایمبولینس سرویس شروع
کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔ یہ بات یو ٹی قادر وزیر صحت نے آج
کرناٹک قانون ساز کونسل میں بتائی ۔وہ کے گنیش کارنیک کے سوال کا جواب دے
رہے تھے ۔ گنیش کارنیک نے وزیر صحت سے سوال کیا تھا کہ اُنہوں نے موٹر
بائیک ایمبولینس شروع کرنے کا اعلان کر کے پورے ملک کی توجہہ اپنے جانب
مبذول کر لی تھی لیکن اس منصوبہ پر ایک سال گذرنے کے باوجود عمل کیوں نہیں
ہوا۔ وزیر صحت یوٹی قادر نے
بتایا کہ یہ منصوبہ ریاست کے اُن شہری علاقوں
میں روبہ عمل لایا جائیگا جہاں ٹرافک کا زبردست اژدھام ہے ۔ تجرباتی طور پر
بنگلور کے 20بلدی وارڈس میں موٹر بائیک ایمبولینس سرویس شروع کی جائیگی
اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو اسے ریاست کے دیگر شہروں میں بھی شروع کیا
جائیگا۔ وزیر صحت نے مزید کہا کہ ٹرافک کے اژدھام کے سبب ایمبولینس گاڑیوں
کو مریضوں کو فوری اسپتالوں تک پہنچانے میں سخت دشواریاں پیش آرہی ہیں اسی
لئے اُنہوں نے موٹر بائیک ایمبولینس سرویس کا منصوبہ بنایا ہے ۔